خواتین اور طالبات کو خود مختار و خود اعتماد بنانا چاہتے ہیں، پنک سکوٹیز سکیم کا آغاز جلدکردیا جائیگا،وزیراعلیٰ
کوئٹہ(آئی این پی ) صوبائی حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا، ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو پنک سکوٹیز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایف جی گرلز ڈگری کالج کی طالبہ طاہرہ عارف اور خاتون پولیس اہلکار کو پنک سکوٹی کا تحفہ پیش کیا۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جامعات، کالجز اور سیکنڈری سکولز کی طالبات کو سکوٹیز دی جائیں گی، خواتین اور طالبات کو خود مختار اور خود اعتماد بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنک سکوٹیز سکیم سے متعلق جلد پالیسی تشکیل دے کر آغاز کردیا جائے گا، بلوچستان کی خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔