خیبرپختونخوا : طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کرنے کی منظوری

 مفت الیکٹرک سکوٹیز منصوبہ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا:وزیراعلی سہیل آفریدی 
 پشاور( آن لائن )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے منصوبے کے فوری آغاز کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مفت الیکٹرک سکوٹیز منصوبہ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی، ٹیکنیکل ورکنگ گروپ اور گریونس ریڈریسل کمیٹی کو فوری طور پر نوٹیفائی کرنے اور منصوبے کے لیے مکمل فنڈز کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے خواتین کی تعلیم اور روزگار تک محفوظ، آسان اور باوقار رسائی یقینی بنائی جا سکے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماحول دوست الیکٹرک سکوٹیز منصوبہ فضائی آلودگی میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ خواتین کی معاشی خودمختاری کو بھی فروغ دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت قائد عمران خان کے وژن کے مطابق انسانوں پر سرمایہ کاری، خواتین کی ترقی، خوداعتمادی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی