کیسوں کی ناقص تفتیش پرسخت ایکشن لینے کا فیصلہ

 زیر حراست ملزمان کے ساتھ پولیس قوانین کے مطابق ڈیل کیا جائے:سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں  اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویڑنز کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور نے غیر قانونی حراست کی ممانعت کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زیر حراست ملزمان کے ساتھ پولیس قوانین کے مطابق ڈیل کیا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کوئی بے گناہ گرفتار نہ ہو اورقصور وار ملزمان کی گرفتاری فوری عمل میں لائی جائے۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے کیسوں میں غفلت یابدنیتی پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ منشیات کے کیسوں کی تفتیش میں نقائص چھوڑنے والے پولیس ملازمین کے خلاف محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے بینکوں کی سکیورٹی کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ سپروائزری افسران بینکوں کی سکیورٹی چیک کرنے کے لئے باقاعدگی سے وزٹس کریں اور عملے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے رائیونڈ اجتماع کے دوسرے مرحلے کے لئے خصوصی سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات کیں۔انہوں نے موٹر سائیکل سنیچنگ اور چوری کی روک تھام کیلئے کارروائیوں میں تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ رہائشی سوسائٹیز کے مکینوں کی مشاورت سے کرائم کنٹرول کیلئے بیرئیرز لگوائے جائیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی(انوسٹی گیشن)محمد نوید،ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر،ایس پی (سکیورٹی) عبدالوہاب اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویڑنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن) نے شرکت کی۔