90 فیصد عوام عمران خان کے ساتھ ہیں،ہمیں امریکا یا اسٹیبلشمنٹ کی حمایت نہیں چاہیے
ملک میں خانہ جنگی شروع ہو گئی تو اس کی ذمہ دار حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ہوگی،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (آ ئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں پارلیمانی لیڈر زرتاج گل نے کہا ہے کہ امریکا کے انتخابات کا پاکستان کے اندر کسی قسم کا اثر نہیں ہوگا۔پاکستان کے 90فیصد عوام عمران خان کے ساتھ ہیں،ہمیں امریکا یا اسٹیبلشمنٹ کی حمایت نہیں چاہیے۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اس ملک کے وزیراعظم ہیں اور وہی اس کے حقدار ہیں،ہمارے انتخابی نتائج کو تبدیل کر اقتدار مسلم لیگ( ن) کو دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے اندر جو بھی حکومت آئے اس کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوتے ہیںمگر اس مرتبہ پاکستان کے عوام نے دو تہائی اکثریت عمران خان کو دی ہے،پاکستان کو اگر مستحکم کرنا ہے تو پھر پہلی ترجیح میں عمران خان کو رہا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اب ایک ہی حل رہ گیا ہے کہ پاکستان کے کروڑوں عوام کو احتجاج کی کال دی جائے،عمران خان نے اگر کال دی تو ملکی حالات خراب ہو جائیں گے،عمران خان کی ایک احتجاجی کال پر کروڑوں عوام باہر نکل آئیں گے، عمران خان نہیں چاہتے کہ پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان آمنے سامنے ہوں، عمران خان کے ویژن کی وجہ سے ابھی تک یہ حکومت بچی ہوئی ہے،جس دن پاکستان میں احتجاج شروع ہو گیا تو پھر ملک کے حالات خراب ہو جائیں گے، عمران خان کی رہائی تک پھر یہ احتجاج بند نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اگر خانہ جنگی شروع ہو گئی تو اس کی ذمہ دار حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ہوگی۔