غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری ، مزید 37فلسطینی شہید،متعدد زخمی

اسرائیلی فوج کا کمال عدوان ہسپتال پر دوسرے دن بھی حملہ ، نوزائیدہ بچے، مریض اور ہسپتال کا عملہ زخمی ہوگیا 
غزہ(آئی این پی)غزہ میں صیہونی فوج کی بربریت تھم نہ سکی ، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 37 فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بیت لاحیہ میں ایک گھر پر حملے کے نتیجے میں کم از کم 20 فلسطینی شہید ہو گئے، غزہ شہر کے تفح محلے میں ایک گھر پر حملے میں 4 فلسطینی جبکہ وسطی دیر البلاح میں ایک خیمے پر حملے میں 2 فلسطینی شہید ہوئے۔وسطی عزہ زاویدہ میں ایک خیمے پر حملے میں 4 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ خان یونس میں خیموں پر حملے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج نے کمال عدوان ہسپتال پر دوسرے دن بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے، اس حملے میں زخمی ہونے والوں میں نوزائیدہ بچے، مریض اور ہسپتال کا عملہ شامل ہے۔