ساڑھے 3سالہ بیٹی ، 6سالہ بیٹے کی لاشیں ڈی این اے کنفرمیشن کے بعد متاثرہ خاندان کے حوالے کی جائیں گی
میڈرڈ(آئی این پی)سپین کے شہر ویلنسیا میں خوفناک سیلاب میں وہاڑی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی فیملی کے 2بچے جاں بحق ہوگئے۔ بچوں میں ساڑھے 3 سالہ بیٹی اور 6سالہ بیٹا شامل ہیں ۔ریسکیو حکام کی جانب سے لاشیں ریکور کی گئی ہیں جنہیں ڈی این ایز کی کنفرمیشن کے بعد متاثرہ خاندان کے حوالے کیا جائے گا۔اس بات کی تصدیق سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیسبک پر سپین میں پاکستانی ایمبیسی نے بھی کی ہے۔ پوسٹ میں لکھا تھا کہ ہمیں اطلاع موصول ہوئی ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے دو ہسپانوی بچے ویلنسیا میں سیلاب میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سفارتخانے نے اہل خانہ سے رابطہ کیا ہے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستانی خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ادھر سپین کے شہر ویلنسیا کے قصبہ پیدرالبا میں مقیم برطانوی جوڑا ٹیری اور ڈان ٹرنر بھی سیلابی لہروں کی نظر ہوگیا۔ یہ شادی شدہ جوڑا جو ایک دیہی اور الگ تھلگ گھر میں رہ رہا تھا۔جوڑے کی لاشیں ایک ہسپانوی شخص کے ساتھ ملیں، جو سیلاب میں اپنی جان بھی گنوا بیٹھا تھا۔