شہر میں جمعرات کی صبح سے سورج کی تپش شدت اختیار کر گئی ہے۔ بادل چھٹنے کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر کا مطلع آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صاف رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔محکمے کے مطابق شہر میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موسم مجموعی طور پر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، اور درجہ حرارت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
عید پر گرمی عروج پر — شہری احتیاط برتیں
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جس کے باعث شہریوں کو خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بلوچستان میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری
دوسری جانب بلوچستان کے کئی اضلاع میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سبی، نصیر آباد، اوستہ محمد، صحبت پور، جعفر آباد سمیت متعدد علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔اسی طرح ڈیرہ بگٹی، دُکی، ہرنائی، جھل مگسی، کچھی، چاغی، واشک، خاران اور کیچ کے علاقوں میں بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، خضدار، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
گرد آلود ہوائیں اور دھول کے طوفان کی بھی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان کے بعض علاقوں، خاص طور پر چاغی میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت دھول کے طوفان اور آندھی کا سبب بن سکتا ہے۔ جبکہ واشک، خاران، کیچ، پنجگور، کوئٹہ، سوراب، مستونگ اور نوشکی میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ساحلی علاقوں میں تیز سمندری ہوائیں متوقع
محکمے کے مطابق آج سے ہفتے کی شام تک جیوانی، گوادر، پسنی اور اورماڑہ میں تیز رفتار سمندری ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جس سے ان علاقوں میں بھی موسم غیر معمولی طور پر گرم اور مرطوب رہے گا۔