ایرانی وزیر خارجہ کا اہم دورہ بیجنگ، چینی ہم منصب سے ملاقات متوقع

ایرانی وزیر خارجہ کا اہم دورہ بیجنگ، چینی ہم منصب سے ملاقات متوقع

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے اہم ملاقات متوقع ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی پہلے ہی امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ یا مبینہ جنگی کارروائیوں کو “غیر قانونی” قرار دے چکے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی ہم آہنگی کا تاثر مزید مضبوط ہوا ہے۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب چین ایران کے تیل کا ایک بڑا خریدار ہے اور امریکی پابندیوں کے باوجود تہران سے توانائی کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب امریکا ایران کی آمدن کو محدود کرنے اور اس کی معیشت پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور چین کے درمیان یہ ملاقات خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں خاصی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ دونوں ممالک نہ صرف عالمی توانائی منڈی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ مشرق وسطیٰ کی سیاسی صورتحال پر بھی ان کا اثر و رسوخ نمایاں ہے۔