غازی آباد، چیچہ وطنی (خصوصی رپورٹ) گندم کی بین الاضلاعی سمگلنگ کی کوشش ناکام،ضلع ساہیوال سے دوسرے اضلاع میں گندم کی غیر قانونی منتقلی پرپیرافورس نے 1300 سے زائد گندم کی بوریاں قبضے میں لے لیں۔ اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی جاوید ممتاز لکھویرا کی ہدایت پر انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس محسن اقبال نے اپنی ٹیم اور محکمہ خوراک کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے ساہیوال سے دوسرے اضلاع میں گندم کی غیر قانونی منتقلی پر 1 کروڑ 22 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی 1300 سے زائد گندم کی بوریاں قبضے میں لے لیں۔ اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق گندم کی ایک ضلع سے دوسرے ضلع نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہے،قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی،انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پکڑی گئی گندم کا معاوضہ کسانوں کو 3,500 روپے فی من (سرکاری ریٹ) کے حساب سے فوری ادا کیا جائے گا تاکہ محنت کش کسانوں کا نقصان نہ ہو۔