ماں 2بچوں سمیت جھلس گئی

سردی سے بچائوکے لیے کمرے میں رکھے چولہے کی آگ نے بستر بھی لپیٹ میں لے لیا
لاہور(کرائم رپورٹر)مانگا منڈی میں سردی سے بچنے کیلئے چولہا جلانے والی ماں 2 بچوں سمیت جھلس گئی۔تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مانگا منڈی میں پیش آیا جہاں گھر میں آگ لگنے سے خاتون سمیت 2 بچے جھلس گئے۔ پولیس نے بتایا کہ گھر کی بالائی منزل پر مقیم گھر والوں نے سردی کی شدت سے بچنے کے لیے کمرے میں چولہے پر آگ جلائی ہوئی تھی کہ اس دوران آگ نے بستر بھی لپیٹ میں لے لیا، واقعے کے وقت کمرے میں صرف دونوں بچے ہی موجود تھے جن کو آگ سے بچانے کی کوشش میں والدہ بھی جھلس گئی، متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بچوں کی حالت خطرے باہر ہے تاہم خاتون کا جسم 20 فیصد جھلس چکا ہے۔