این ایف سی ایوارڈ، بجلی اور گیس میں دانستہ امتیاز برتا جا رہا ،وکلا بھی ہڑتال میں شریک ہوں :سہیل آفریدی

سہیل آفریدی آج قلم چھوڑ ہڑتال 
عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ذاتی معالجین کی نگرانی میں علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،یہ رویہ نہ صرف آئینی تقاضوں کے منافی ہے بلکہ وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
پشاور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے ساتھ روا رکھے گئے امتیازی سلوک کے خلاف آج صوبہ بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان کے مقبول ترین رہنما عمران خان کی حکومت ہونے کے باعث وفاق دانستہ طور پر صوبے کو نظر انداز کر رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ این ایف سی ایوارڈ، بجلی اور گیس کی فراہمی سمیت اہم شعبوں میں صوبے کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے، جس کے باعث صوبے کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رویہ نہ صرف آئینی تقاضوں کے منافی ہے بلکہ وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔محمد سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ آج صوبہ بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی، تاہم ایمرجنسی سروسز اس ہڑتال سے مستثنیٰ ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو درپیش حالات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ذاتی معالجین کی نگرانی میں علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی، جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت نہ دینا غیر انسانی اور غیر قانونی اقدام ہے۔انہوں نے آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والے وکلا سے اپیل کی کہ وہ اس قلم چھوڑ ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ظلم، ناانصافی اور امتیازی سلوک پر مبنی اس نظام کا خاتمہ کیا جا سکے۔