فیصل آباد میں ہارون شیری، آفتاب ، شہباز،نصیر ہلاک ، چنیوٹ میں علی حمزہ، نوید عباس اور غلام رضا مارے گئے
گوجرانوالہ ،وزیرآبادمیں ایک ایک ، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں 5،کندھ کوٹ اوربنوں میں ایک ایک ملزم پار
فیصل آباد،چنیوٹ،گوجرانوالہ ،کراچی ،پشاور(خصوصی رپورٹ)پنجاب ،سندھ اور خیبرپختونخوا میں مبینہ مقابلوں کے دوران 16ملزم ہلاک اور متعدد فرار ہوگئے۔بتایاگیاہے کہ فیصل آباد میں رشید آباد کے قریب سی سی ڈی کے چھاپے کے دوران 8 ملزموں نے فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ سے ہارون شیری، آفتاب ، شہباز اور نصیر ہلاک ہوگئے، جبکہ چار ملزم فرار ہوگئے ،ہلاک ملزم مختلف اضلاع میں ڈکیتی، راہزنی اور فائرنگ کے مقدمات میں ملوث ہیں۔ادھر چنیوٹ میں ڈاکو فضل عباس نامی شہری کے گھر ڈکیتی کر کے فرار ہو رہے تھے کہ ساڑ مراد والا روڈ پر سی سی ڈی ٹیم سے سامناہوگیاجس پر ملزموں نے فائرنگ کردی اورجوابی کارروائی میں تین ملزم علی حمزہ، نوید عباس اور غلام رضا مارے گئے جو درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔دریں اثنا گوجرانوالہ کے تھانہ ماڈل ٹائون کے علاقہ میں مبینہ مقابلے کے دوران شفیق نامی ملزم مارا گیا جبکہ باغبانپورہ اور کامونکے میں مقابلوں کے بعد دو ملزم عثمان اورعدیل زخمی حالت میں پکڑے گئیجبکہ تھانہ سٹی وزیرآباد پولیس کیساتھ ڈسکہ روڈ حاجی پورہ ڈریم گارڈن کے قریب مبینہ مقابلے میں اشتہاری ملزم علی رضا المعروف رجو ہلاک ہو گیا جو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ علاوہ ازیں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے مشکوک گاڑی کو روکا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی جس کے بعد جوابی فائرنگ سے 5 ڈاکو ندیم، سرفراز، نوید، آصف اور غلام عباس مارے گئے،ملزموں نے 15 روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کیا تھا جبکہ کندھ کوٹ پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مقابلے میں پولیس نے ایک ڈاکو غالب کھوسو عرف طالب کھوسو کو مارڈالا جس کیخلاف ضلع کے مختلف تھانوں میں 11 سے زائد مقدمات درج ہیں ۔دوسری طرف بنوں پولیس نے پانچ افراد کے قتل میں مطلوب خطرناک ملزم عدنان کو جنگلات میں پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔