علی پور میں آم کے باغات بیماریوں کی لپیٹ میں، پیداوار میں کمی کا خدشہ

علی پور میں آم کے باغات بیماریوں کی لپیٹ میں، پیداوار میں کمی کا خدشہ

علی پور: پھلوں کے بادشاہ آم کی فصل اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے، باغات پر مختلف اقسام کی بیماریوں کے حملوں نے پیداوار کو خطرے میں ڈال دیا ہے، جس پر باغبان سخت پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی آم کے باغات پر مینگو ہاپر، فنگس، تیلہ اور تھرپس جیسی بیماریاں حملہ آور ہو چکی ہیں۔ ان بیماریوں نے آم کے درختوں کی نشوونما اور پھلوں کی کوالٹی کو شدید متاثر کیا ہے، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو رواں سیزن کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر وسیم عباس نقوی کے مطابق ان بیماریوں سے بچاؤ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باغبان فوری طور پر سپرے، پھپھوند کش ادویات اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

باغبانوں نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بیماریوں کے حملے کے بعد وہ محکمہ زراعت سے رہنمائی حاصل کر کے سپرے اور دیگر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ آم کی فصل کو ممکنہ تباہی سے بچایا جا سکے۔محکمہ زراعت کی ٹیمیں بھی فعال ہو چکی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں مسلسل دورے کر کے آم کے باغات کا معائنہ کر رہی ہیں۔ ٹیموں کی جانب سے تشخیصی سروس، اسپرے کی ہدایات اور حفاظتی اقدامات کی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ آم کے باغات کو زیادہ سے زیادہ محفوظ رکھا جا سکے۔