لاہور شہر کی تاریخی شاہراہ مال روڈ پر ٹورسٹ پوائنٹس اور جدید سہولیات قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کا بیڑا ن لیگ کے سربراہ نواز شریف نے اٹھایا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے افسران نے نواز شریف کو مال روڈ کی بحالی اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ منصوبے کے تحت مال روڈ پر کیفے سٹریٹ، واک ویز اور عالمی معیار کے ریسٹورنٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ تاریخی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف ٹورسٹ پوائنٹس بھی بنائے جائیں گے۔منصوبے کے تحت ڈنگا سنگھ بلڈنگ کی 100 فیصد بحالی اور گنگا رام مینشن سمیت شہر کی 136 تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ لاہور عجائب گھر سے ملحقہ شاہراہ کو ٹورسٹ سٹریٹ میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے بالمقابل اسٹیٹ آف دی آرٹ کیفے سٹریٹ قائم کی جائے گی تاکہ شہریوں اور سیاحوں کے لیے جدید اور تاریخی ماحول کا امتزاج ممکن بنایا جا سکے۔مال روڈ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت اس کی متعدد عمارات سے ظاہر ہوتی ہے، جن میں لاہور عجائب گھر، چڑیا گھر، پنجاب اسمبلی، قربان لائنز اور ایچیسن کالج شامل ہیں۔ اس شاہراہ پر مغل طرز تعمیر کے علاوہ برطانوی دور کی یادگار عمارات بھی موجود ہیں، جو شہر کی تاریخ کی عکاسی کرتی ہیں۔