بھارتی فضائیہ کا ایک جدید جنگی طیارہ Sukhoi Su-30MKI دورانِ پرواز ریاست آسام میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کی بھارتی فضائیہ نے تصدیق کر دی ہے۔
حکام کے مطابق طیارہ ایک تربیتی مشن پر تھا اور آسام کے قریب ضلع کربی کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ واقعے کے بعد سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق روسی ساختہ سخوئی طیارہ Jorhat کے ایئر بیس سے پرواز کر کے روانہ ہوا تھا اور شام 7 بج کر 42 منٹ کے بعد اس کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا۔واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ نے 2000 کی دہائی میں یہ روسی ساختہ طیارے اپنے بیڑے میں شامل کیے تھے اور یہ طیارے طویل عرصے سے بھارتی فضائیہ کی فضائی طاقت کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ 30 برسوں کے دوران بھارتی فضائیہ کو 550 سے زائد فضائی حادثات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں 150 سے زیادہ پائلٹس ہلاک ہوئے۔دفاعی ماہرین کے مطابق ان حادثات کی وجوہات میں تربیت سے متعلق مسائل، انسانی غلطیاں، تکنیکی دیکھ بھال میں کمزوریاں اور بعض پرانے طیاروں کا استعمال شامل ہو سکتے ہیں۔