ڈیوٹی و ٹیکس چوری میں کمی کیلئے ایف بی آر میں کارگو ٹریکنگ سسٹم متعارف

منصوبے سے لاجسٹک کے شعبے میں 2 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد کی بچت کا امکان ہے
اسلام آباد (آئی این پی) ایف بی آر نے کارگو کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کا جدید نظام متعارف کروا دیا، جو عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں نیشنل کارگو ٹریکنگ سسٹم کے آغاز کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، ممبر کسٹمز آپریشن شکیل شاہ، ممبر کسٹمز پالیسی سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اس نظام میں ایک نیا میکنزم بھی شامل ہے، جس کے تحت اشیا کی الیکٹرانک نگرانی اور بکنگ ممکن ہوگی۔ ممبر کسٹمز آپریشن شکیل شاہ نے کہا کہ اس نظام سے جعلی انوائسز اور انڈرانوائسنگ جیسے مسائل میں کمی آئے گی اور ڈیوٹی و ٹیکس چوری کی روک تھام میں مدد ملے گی۔اس منصوبے سے لاجسٹک کے شعبے میں 2 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد کی بچت متوقع ہے۔نیشنل کارگو ٹریکنگ سسٹم کے نفاذ سے ڈیوٹی و ٹیکس کے تعین اور کلیکشن میں شفافیت آئے گی۔