یہ واقعہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر اس وقت پیش آیا جب ایک فیملی جلد بازی میں قراقرم ایکسپریس میں سوار ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔
خاتون مسافر کا پاؤں پھسل گیا، جس کی وجہ سے وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور چلتی ٹرین کے نیچے آنے لگیں۔ریلوے پولیس کے ترجمان کے مطابق، پلیٹ فارم پر ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل رفاقت علی نے صورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے فوری کارروائی کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ برق رفتاری سے آگے بڑھے اور خاتون کو اپنی جانب کھینچ کر حادثے سے بچا لیا۔
پولیس کے مطابق، اہلکار نے نہ صرف خاتون کو بچایا بلکہ ٹرین کو رکوا کر اس کی فیملی کو باحفاظت سوار بھی کروایا۔ اس بہادری پر مسافر خاتون اور ان کے اہلِ خانہ نے کانسٹیبل رفاقت علی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی فرض شناسی کی تعریف کی۔ریلوے پولیس نے اس واقعے کے بعد مسافروں سے اپیل کی کہ وہ چلتی ہوئی ٹرین میں چڑھنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔