ایرانی جوہری پروگرام روس امریکا مذاکرات کا موضوع ہو گا: کریملن

ہم سمجھتے ہیں ایران کے جوہری مسئلے کو پرامن، سیاسی اور سفارتی طریقوں سے حل کیا جانا چاہیے ، ترجمان
ماسکو(آئی این پی)کریملن کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ روس اور امریکا کے درمیان مستقبل میں ہونے والی بات چیت میں ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت شامل ہو گی۔ترجمان دیمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ امریکا روس ابتدائی بات چیت میں بھی ایرانی جوہری پروگرام پر سرسری گفتگو کی گئی تھی مگر ایران کا جوہری پروگرام اب ان موضوعات میں سے ایک ہے جس پر امریکا روس مستقبل میں مزید تفصیل سے بات کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ایران روس کا اتحادی، شراکت دار اور ایک ایسا ملک ہے جس کے ساتھ جامع، باہمی فائدہ مند اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات استوار کر رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایران کے جوہری مسئلے کو پرامن، سیاسی اور سفارتی طریقوں سے حل کیا جانا چاہیے اور امریکا یہ جانتا ہے کہ اس کے لیے روس ہر ممکن کوشش کرنے کے لیے تیار ہے۔