قاہرہ اجلاس میں عرب اور اسلامی ممالک کی فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ، اسرائیلی جارحیت کی مذمت
قاہرہ(آئی این پی) فلسطینی تنظیم حماس نے عرب ممالک کے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے، جب کہ اسرائیل نے اسے مسترد کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق قاہرہ میں عرب رہنمائوں کے اجلاس کے بعد اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ منصوبہ حقیقت کو نظر انداز کرتا ہے اور حماس کے 7اکتوبر کے حملے کا ذکر تک نہیں کرتا۔دوسری جانب حماس نے اجلاس کے فیصلوں کو فلسطینی کاز کے لیے مثبت قدم قرار دیا اور عرب ممالک سے کہا کہ وہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے عملی اقدامات کریں۔حماس نے مزید کہا کہ ہم عرب رہنمائوں کے اس موقف کی قدر کرتے ہیں جو فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مخالفت کرتا ہے۔حماس نے عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو مجبور کریں کہ وہ حماس کے ساتھ اپنے جنگ بندی معاہدے پر عمل کرے۔قاہرہ اجلاس میں عرب اور اسلامی ممالک نے فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔