پیکا ایکٹ کیس:اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے طلب کرلیا

اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیکا ایکٹ کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل آف پاکستان کو معاونت کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔پیکا ایکٹ ترمیم 2025ء کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو معاونت کے لیے طلب کرلیا۔جسٹس انعام امین منہاس کے روبرو ہونے والی سماعت میں درخواست گزار وکیل عادل عزیز قاضی پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ اس طرح کی اور درخواستیں بھی ہیں، اس پر بھی وہی آرڈر کردیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔واضح رہے کہ پی ایف یو جے،اسلام آبادہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور دیگر درخواستیں بھی اسی سلسلے میں زیر سماعت ہیں۔ عدالت نے تینوں درخواستیں17 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کررکھی ہیں۔