شہر کی مختلف شاہراہوں پر مفت پودے تقسیم ، آلائشوں کو ٹھکانے لگانے پر زور
لاہور ( کرائم رپورٹر) عالمی یوم ماحولیات پرشہر میں مختلف اداروں کی جانب سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایل ڈی اے نے ایونیو ون سکیم میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا، پی ایچ اے نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر مفت پودے تقسیم کئے جبکہ واسا نے آگاہی واک کا اہتمام کیا۔ تفصیل کے مطابق ماحولیات کے عالمی دن پر ایل ڈی اے اور نجی ایس بینک کے اشتراک سے ایونیو ون میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق اور عاطف اسحاق نے پودے لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ تقریب میں اعلیٰ افسروں ، شہریوں اور بینک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے رواں سال کے اختتام تک پانچ لاکھ پودے لگانے کے عزم کا اظہار کیا۔دوسری جانب پی ایچ اے نے اہم شاہراہوں پر خصوصی کیمپس لگا کر شہریوں میں مفت پودے تقسیم کئے۔ قرشی پارک میں پلاسٹک بیگز کے خلاف آگاہی مہم کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں شہریوں اور عملے نے ہاتھوں سے کوڑا چن کر صفائی کا پیغام دیا۔ ڈی جی پی ایچ اے محمد عمر شیر نے کہا شہریوں کو پلاسٹک کا استعمال ترک کر دینا چاہیے۔ واسا کے زیر اہتمام بھی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین، وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز ، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا لاہور غفران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے، صفائی کی اہمیت اور قربانی کی آلائشوں کو درست طریقے سے ٹھکانے لگانے پر زور دیا۔