مدرسہ کے بچوں سے انسانیت سوز سلوک پرکنڈیکٹر،ڈرائیورگرفتار ،مقدمہ درج
اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ)اسلام آباد سے حویلی لکھا آنے والی بس میں دل دہلا دینے والا واقعہ، 7بچوں کو بس کی ڈگی میں بکروں کے ساتھ طویل سفر کرایا گیا، دوران سفر دوبچوں کی شدید گرمی اور گھٹن سے حالت غیر ہوگئی۔ والدین بچوں کو لینے لاری اڈا حویلی لکھا پہنچے تو واقعہ کا انکشاف ہوا۔ حویلی لکھا پولیس نے طلبہ کیساتھ ناروا سلوک پر نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس کے کنڈیکٹر طارق اور ڈرائیوراظہرکو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ اسلام آباد کے مدرسہ میں دینی تعلیم حاصل کرنیوالے مذکورہ طالبعلم عید کی چھٹیوں پر واپس اپنے گھرحویلی لکھا آرہے تھے۔بس کنڈیکٹر اور ڈرائیور نے بچوں کو بکروں کیساتھ ڈگی میں بٹھا دیا ،سفر کے دوران دوبچے نیم بیہوش ہوگئے۔ پولیس کاکہناہے کہ بچوں کیساتھ انسانیت سوز سلوک میں ملوث ملزموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزادلوائی جائے گی۔