بنگلورو: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فاتح ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی وکٹری پریڈ کے دوران ہونے والی بھگدڑ میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
واقعے کا ذمہ دار فرنچائز کو قرار دیتے ہوئے پولیس نے رائل چیلنجرز، ایونٹ مینجمنٹ کمپنی، اور کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 سال بعد پہلی بار آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کے جشن میں ہزاروں شائقین چِنّاسوامی اسٹیڈیم میں جمع ہوئے، جہاں گنجائش سے زائد ہجوم، ناقص انتظامات اور سیکیورٹی ناکامی کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔فرنچائز نے متاثرہ خاندانوں کے لیے 10 لاکھ روپے فی کس معاوضے کا اعلان کیا ہے، تاہم عوامی غم و غصے میں کمی نہیں آئی۔
بی سی سی آئی سیکریٹری دیواجیت سائکیا اور آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومل نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا مگر واضح کیا کہ بورڈ کو نجی تقریبات پر جوابدہ نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔بھارتی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر اس واقعے پر شدید تنقید جاری ہے، اور حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ آئندہ ایسی تقریبات میں سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔