پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق کا اعلان ہے کہ رواں ماہ پاکستان پہلی بار اے ٹی پی چیلنجرز ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ یہ اہم ایونٹ 24 نومبر سے اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جو پاکستان کے لیے ایک بڑے اعزاز کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ملک کا سافٹ امیج اجاگر کرے گا۔اعصام الحق نے کہا کہ کرکٹ کے بعد ٹینس دوسرا کھیل ہے جس میں سب سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں، اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر قائم رکھیں۔ انہوں نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ٹینس کی ترقی کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں، اور پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس کی لیز کا مسئلہ بھی حل ہو چکا ہے۔صدر پی ٹی ایف نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ جونیئر پلیئرز کو پروموٹ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے میکائل علی بیگ اور شایان آفریدی کی حالیہ کارکردگی کا ذکر کیا اور کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا مستقبل روشن ہے، اور ہمیں امید ہے کہ وہ گرینڈ سلیم مقابلوں میں بھی حصہ لیں گے۔اعصام الحق کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان نے پانچ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کروائے اور بارہ ٹیمیں بیرون ملک بھیجی ہیں، اور آئندہ سال سات آئی ٹی ایف ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے 2026 کو پاکستان میں ٹینس کا ایک مصروف اور شاندار سال قرار دیا، جس میں ٹینس لیگ بھی شامل ہوگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین ٹینس کی ترقی کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔