حافظ آباد:شوہر کے سامنے بیوی سے زیادتی کرنیوالا مقابلے میں ہلاک

خاور انصاری کو ملزموں کی گرفتاری کیلئے لے جایا جا رہا تھا ‘ ساتھیوں نے چھڑانے کیلئے فائرنگ کردی
 حافظ آباد(آئی این پی) پنجاب کے شہر حافظ آباد میں خاتون کو شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔4 جون کو حافظ آباد میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میاں بیوی رشتہ داروں سے ملنے کے بعد موٹرسائیکل پر گھر لوٹ رہے تھے کہ مسلح افراد نے ایک ویران مقام پر روک لیا۔خاتون کو مسلح افراد نے قبرستان کے قریب اس کے شوہر کے سامنے اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان نے حملے کی ویڈیو بھی بنائی اور بعد میں ویڈیو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کر دی۔پولیس نے 8 ملزمان کے خلاف اغوا، عصمت دری، جنسی زیادتی اور ڈکیتی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔تاہم اب کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کے مطابق ایک ملزم خاور انصاری کو دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں گھات لگائے ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران خاور انصاری مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے مارا گیا، حملہ آور اندھیرے کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔