علی امین گنڈاپور کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

دوسرے صوبے کی بار ایسوسی ایشن کو فنڈ دینا رشوت  کے زمرے میں آتا ہے:درخواست گزار 
اسلام آباد (آئی  این پی(وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے لاہور بار ایسوسی ایشن کو پانچ کروڑ روپے فنڈ دینے کے فیصلے پر الیکشن کمیشن میں ان کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ یہ آئینی درخواست پشاور سے تعلق رکھنے والے وکیل ارسلان آفریدی ایڈووکیٹ نے جمع کرائی ہے۔درخواست گزار کے مطابق علی امین گنڈاپور نے صوبائی کابینہ سے منظوری حاصل کر کے پنجاب کے ایک نجی ادارے یعنی لاہور بار ایسوسی ایشن کو پانچ کروڑ روپے کا فنڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا، جو آئین، قانون، اور عدالتی فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ دوسرے صوبے کے بار ایسوسی ایشن کو فنڈ دینا رشوت اور سیاسی فائدے حاصل کرنے کی کوشش کے زمرے میں آتا ہے۔