جاز کیش کے ذریعے صرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری ممکن:محمد اورنگزیب

جاز کیش کے ذریعے صرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری ممکن:محمد اورنگزیب

کراچی: حکومت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی شمولیت بڑھانے کے لیے نیا آن لائن پلیٹ فارم انویسٹ پاک پورٹل متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے کم سرمایہ رکھنے والے افراد بھی سرمایہ کاری کا آغاز کر سکیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران اس پورٹل کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اب جاز کیش ایپ کے ذریعے صرف 5 ہزار روپے سے بھی سرمایہ کاری ممکن ہوگی، جس سے عام شہریوں کو سرمایہ کاری کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل کا بنیادی مقصد ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، جبکہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے ایک آسان، شفاف اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کم اور متوسط آمدن رکھنے والا طبقہ ملکی معیشت کا اہم حصہ ہے، اسی لیے انہیں بھی سرمایہ کاری کے نظام میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔محمد اورنگزیب کے مطابق یہ پورٹل سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنائے گا، جبکہ پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے۔

ان کے مطابق اس اقدام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جاز کیش ایپ کے ذریعے کم سرمایہ سے سرمایہ کاری کی سہولت خاص طور پر نوجوان نسل کو مالیاتی نظام میں شامل کرنے اور انہیں بچت و سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے میں مدد دے گی۔وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ملکی معاشی ترقی میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے، اور حالیہ عرصے میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔