لاہور اسلام آباد موٹروے کے ٹول ٹیکس میں 7 فیصد اضافہ

 کاروں کا نیا ٹول ٹیکس 1 ہزار 430 ، ویگن کا 2 ہزار 390 روپے ہوگا ، نوٹیفکیشن جاری، اطلاق ہوگیا 
 اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے لاہور اسلام آباد موٹروے (M-2) استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے ٹول ٹیکس کی قیمتوں میں 7 فیصد اضافہ کر دیا ہے، ٹول ٹیکس کی ان نئی اور ترمیم شدہ شرحوں کا اطلاق گزشتہ روز سے ہو چکا ہے اور یہ نظرِ ثانی شدہ چارجز 23 اپریل 2027ء تک لاگو رہیں گے۔ پرو پاکستانی کے مطابق ٹول ٹیکس میں یہ حالیہ اضافہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرینٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی ذیلی کمپنی 'موٹروے آپریشنز اینڈ ری ہیبلیٹیشن انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ' کے مابین طے پانے والے معاہدے کے تحت کیا گیا ہے، یہ معاہدہ لاہور اسلام آباد موٹروے کی اوورلے یعنی سڑک کی ازسرِ نو تعمیر اور اسے جدید بنانے کے منصوبے کے سلسلے میں دستخط کیا گیا تھا۔این ایچ اے کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ موٹروے M-2 پر مختلف گاڑیوں کے لیے فی کلومیٹر ریٹ اور اب لاہور سے اسلام آباد کا کل نیا ٹول ٹیکس کاروں، جیپوں اور ٹیکسیوں کیلئے فی کلومیٹر ریٹ 3.98 روپے مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد اب کار کا کل نیا ٹول ٹیکس 1 ہزار 430 روپے ہو گیا ہے، ویگنوں کا فی کلومیٹر ریٹ 6.68 روپے طے پایا ہے، جس کے بعد ویگن کا نیا ٹول ٹیکس 2 ہزار 390 روپے ہوگا۔معلوم ہوا ہے کہ فی کلومیٹر ریٹ 9.34 روپے کے حساب سے اب کوسٹر کا کل نیا ٹول ٹیکس 3 ہزار 350 روپے مقرر کیا گیا ہے، بسوں کا فی کلومیٹر ریٹ 13.32 روپے ہوگا، جس کے تحت اب بس کا نیا ٹول ٹیکس 4 ہزار 770 روپے ادا کرنا پڑے گا، 2 اور 3 ایکسل ٹرکوں کیلئے فی کلومیٹر ریٹ 17.33 روپے مقرر ہوا ہے، جس کے بعد ٹرک کا نیا ٹول ٹیکس 6 ہزار 210 روپے ہو گیا، فی کلومیٹر ریٹ 22.29 روپے کے حساب سے اب بڑے ٹرکس کا کل ٹول ٹیکس 7 ہزار 980 روپے ہوگا۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹروے (M-2) پر سفر کرنے والے تمام ڈرائیوروں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرنے سے قبل ٹول ٹیکس کی ان نئی قیمتوں کو لازمی نوٹ کر لیں، کیونکہ موٹروے کے تمام ٹول پلازوں پر ان نئے چارجز کی وصولی کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے