بغیر ترپال کے مٹی، ریت اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹرالیاں اور ڈمپرز شہر میں داخل نہیں ہو سکیں گے
گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی منسوخ ہوں گے،مٹی، ریت اور دیگر مائنز سائٹس پر خصوصی کریک ڈاؤن جاری : سی ٹی او لاہورسید عبدالرحیم
لاہور(کرائم رپورٹر) شہر میں فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کے لیے سی ٹی اولاہور نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے ،سی ٹی او لاہورسید عبدالرحیم کے مطابق آلودگی پھیلانے والی کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے جبکہ ان گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی منسوخ کیے جائیں گے ،انسانی صحت اور عوامی تحفظ کے پیش نظر سخت فیصلے ناگزیر ہیں بغیر ترپال کے مٹی، ریت اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹرالیاں اور ڈمپرز شہر میں داخل نہیں ہو سکیں گے، جبکہ ٹریکٹر ٹرالیوں کو بھی ترپال، پانی کے چھڑکاؤ اور دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ سموگ تدارک مہم کے دوران دھواں چھوڑنے والی 1 لاکھ 14 ہزار 378 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر 1 ہزار 401 مقدمات بھی درج کرائے گئیسی ٹی اولاہورسید عبدالرحیم کے مطابق بغیر ترپال کے ریت، مٹی اور دیگر آلودگی پھیلانے والے سامان کی ترسیل کرنے والی 53 ہزار 599 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے اور خستہ حال ہونے پر 1 لاکھ 88 ہزار 374 گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔مٹی، ریت اور دیگر مائنز سائٹس پر خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ڈی ایس پیز کی نگرانی میں خصوصی ناکہ بندیاں اور چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کا داخلہ روکا جا سکیدھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بروقت مرمت اور فٹنس یقینی بنانے کے لیے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو بھی مراسلے ارسال کیے جا چکے ہیں تاکہ سموگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔دوسری جانب پنجاب بھر میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اب خلاف ورزی کرنے والوں کی موٹرسائیکل ایک روز کے لیے بند بھی کی جائے گی۔حکام کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے صوبہ بھر میں ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نئی ہدایات کے تحت ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کا نہ صرف چالان کیا جائے گا بلکہ ان کی موٹرسائیکل ایک دن کے لیے بند بھی کر دی جائے گی ہیلمٹ کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کے لیے آج سے باقاعدہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گااس کے ساتھ ساتھ لین لائن کی پابندی نہ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ ماہ 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں لائن لین کی خلاف ورزی پر بند کی گئیں۔