وزیراعلی پنجاب کا فضائی آلودگی پھیلانے کے تمام ذرائع روکنے کا حکم

وزیراعلیٰ مریم نواز  کے ماحول دوست اقدامات  کے باعث عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں 16 ویں نمبر پر آگیا
 سموگ کے تین ماہ میں انتظامیہ اور محکموں کی کارروائیوں میں عوام بھرپور ساتھ دے کر کامیابی کی ایک نئی مثال قائم کریں  گے: مریم نواز  
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست اقدامات کی بدولت عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں سولہویں نمبر پر آگیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے نومبر میں سموگ سیزن کی آمدسے قبل موثر پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گزشتہ برس کی کامیاب حکمت عملی کو مزید موثر بنانے اور فضائی آلودگی کے پھیلائو کے تمام ذرائع کو روکنے کی ہدایت کی تھی۔ ماہرین موسمیات نے بتایا کہ بھارت سے چلنے والی تیز ہوائوں کے رخ میں تبدیلی کے نتیجے میں لاہور، فیصل آباد، رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں فضائی آلودگی کے انڈیکس میں معمولی اتارچڑھائو ہوتا رہتا ہے۔ اگلے ہفتے لاہور میں بارش سے فضائی آلودگی میں کمی کا امکان ہے۔ موسمیات ماہرین نے بتایا کہ ہوا کی رفتار اور نمی بڑھنے سے آلودہ زرات فضا میں موجود رہتے ہیں جس سے فضائی انڈیکس میں تبدیلی آتی ہے تاہم وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر اینٹی سموگ سیزن کی گزشتہ سال کی تمام ایس او پیز پر عمل درآمد مزید سخت کردیاگیا ۔ وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب کی انتظامیہ اور محکموںکو فصلوں کی باقیات کو جدید مشینری سے ٹھکانے لگانے اور آگ نہ لگانے کے امر کو یقینی بنا نے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ پلاسٹک کو آگ لگانے اور پلاسٹک سے تیار کردہ مصنوعات سے انسانی زندگی کو لاحق خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر بھٹہ خشت کی مانیٹرنگ اور زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ دھوئیں سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے ریستورانوں اور بار بی کیو آئوٹ لیٹس کی نگرانی اور معائنہ کو موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ لاہور کے داخلی مقامات پر بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کے معائنے اور سموگ اخراج کی سخت پڑتا ل بھی کی جارہی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی شہر میںموٹر بائیکس کے دھوئیں کی مانیٹرنگ کرنے اور آلودگی پھیلانے پر کارروائی کی ہدایت کی۔