نیٹو اجلاس سے پہلے روس کا وار، کیف پر میزائلوں کی بارش، 8 افراد ہلاک

نیٹو اجلاس سے پہلے روس کا وار، کیف پر میزائلوں کی بارش، 8 افراد ہلاک

کیف: روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے نواحی علاقوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 34 سے زائد زخمی ہوگئے۔

 حملوں کے باعث متعدد رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی مقامات پر آگ بھی بھڑک اٹھی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ترکیہ میں نیٹو کا سربراہی اجلاس شروع ہونے والا ہے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق کیف میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دارالحکومت کے شمال مغرب میں واقع ضلع بوچا میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔کیف کے میئر ویتالی کلچکو نے بتایا کہ حملے کے دوران شہر کا فضائی دفاعی نظام متحرک رہا اور متعدد میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور خطرہ مکمل طور پر ٹلنے تک پناہ گاہوں میں رہیں۔کیف ریجن کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو نے تصدیق کی کہ روس نے بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کئی رہائشی علاقوں کو نقصان پہنچا، جبکہ متاثرہ مقامات پر امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں کیف اور اس کے گردونواح پر یہ دوسرا بڑا میزائل حملہ ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس نے یوکرین کے دارالحکومت پر عسکری دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔دوسری جانب نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کی ملاقات متوقع ہے، جس میں یوکرین جنگ، دفاعی تعاون اور امن مذاکرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق اجلاس کے بعد امریکی صدر کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ممکنہ گفتگو متوقع ہے، کیونکہ امریکا تعطل کا شکار امن مذاکرات کو دوبارہ فعال بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔سیاسی و عسکری تجزیہ کاروں کے مطابق نیٹو اجلاس سے قبل کیف پر ہونے والا یہ حملہ جنگ کے سفارتی اور عسکری دونوں پہلوؤں پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں خطے کی صورتحال مزید اہم رخ اختیار کرنے کا امکان ہے۔