فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
امریکا کی ریاست نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں ناروے نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 2-1 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ برازیل کا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈ نے 79ویں اور 90ویں منٹ میں اسکور کیے، جبکہ برازیل کی جانب سے واحد گول نیمار نے انجری ٹائم میں پنالٹی کک پر کیا، تاہم یہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔میچ کے اختتام پر ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر نیمار جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی آبدیدہ ہو گئے۔ بعد ازاں انہوں نے برازیلین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
نیمار نے کہا، "میں نے پوری کوشش کی، میں نے سب کچھ دے دیا۔ میرا سفر یہیں سے شروع ہوا تھا اور آج یہیں اختتام پذیر ہو گیا۔ اب سب ختم ہو چکا ہے۔"34 سالہ نیمار اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام برازیل کے ہمہ وقت کے کامیاب ترین گول اسکورر کے طور پر کر رہے ہیں۔ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے 130 میچز میں 80 گول اور 58 اسسٹ کیے، جبکہ ان کا واحد بڑا بین الاقوامی ٹائٹل 2013 کا فیفا کنفیڈریشنز کپ رہا۔