رمضان المبارک میں شدید بارشوں کی پیش گوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

رمضان المبارک میں شدید بارشوں کی پیش گوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پنجاب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، یکم مارچ سے 4 مارچ تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔اس سلسلے میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ واسا، ریسکیو، محکمہ آبپاشی، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ پی ڈی ایم اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بارشوں کے دوران ایمرجنسی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں ہوگی اور تمام محکمے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائیں گے۔لاہور میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہے اور سرد ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ہے، جو موسم کو مزید خوشگوار بنا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے شہر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔فضائی آلودگی کے حوالے سے، لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 112 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے، جو شہریوں کے لیے صحت کے حوالے سے تشویش کا باعث ہے۔

کراچی میں آج سے موسم ایک بار پھر تبدیل ہو گیا ہے۔ شہر میں دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو گرمی کا سامنا ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 18 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس وقت شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے اور ہلکی خنکی کے ساتھ موسم خوشگوار محسوس ہو رہا ہے۔ مغربی سمت سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے۔ شہر کا فضائی معیار مضر صحت ہے اور AQI کی رپورٹ کے مطابق، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 23 نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر آ چکا ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 105 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، شمالی علاقوں اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم دیر، چترال، سوات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، اس دوران شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں چند مقامات پر دھند پڑ سکتی ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔