پنجاب میں 9 اور 10 محرم کو طوفانی بارشوں کی پیش گوئی پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پنجاب میں 9 اور 10 محرم کو طوفانی بارشوں کی پیش گوئی پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے محرم الحرام کے دوران خاص طور پر 9 اور 10 محرم کو شدید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ، مجالس و جلوسوں کی انتظامیہ اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بیان میں کہا ہے کہ:"5 جولائی سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 9 اور 10 محرم کو شدت اختیار کر سکتا ہے۔"
احتیاطی ہدایات:
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے محرم الحرام کے دوران عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کو مندرجہ ذیل حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے:بجلی کے کھمبوں اور ننگی تاروں سے دوری اختیار کی جائے تاکہ کرنٹ لگنے کے ممکنہ واقعات سے بچا جا سکے۔خستہ حال اور کمزور چھتوں پر مجالس یا محافل منعقد کرنے سے مکمل گریز کیا جائے تاکہ بارش یا آندھی کی صورت میں جانی نقصان نہ ہو۔ندی نالوں اور دریاؤں کی کراسنگ سے حتی الامکان پرہیز کیا جائے، کیونکہ بارشوں کے باعث اچانک طغیانی کا خطرہ ہوتا ہے۔ریسکیو اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 9 اور 10 محرم کو ہائی الرٹ پر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔
ضلعی انتظامیہ کو ہدایات:
تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلوسوں کے روٹس پر نکاسی آب، بجلی کی بحفاظت فراہمی، اور دیگر سہولیات کو یقینی بنائیں۔ممکنہ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ یا شہری سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی اقدامات تیار رکھے جائیں۔
عوام سے اپیل:
پی ڈی ایم اے نے عام شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال سے باخبر رہیں، محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی ہدایات پر عمل کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر 1122 یا مقامی ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔