کراچی: سال نو کے ابتدائی پانچ دنوں کے دوران انڈس اسپتال کورنگی میں سگ گزیدگی کے 300 کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
مینجر ریبیز پریونشن کلینک انڈس اسپتال، آفتاب گوہر کے مطابق کورنگی، لانڈھی، بلدیہ، حب چوکی اور گڈاپ ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ زیادہ تر متاثرین دو سال سے کم عمر بچے ہیں، جن کے چہروں پر شدید زخم آئے، جبکہ ایک واقعے میں 41 سالہ شخص کی انگلی کٹ گئی۔آفتاب گوہر نے کہا کہ متاثرین کو بروقت ریبیز ویکسین (PEP) فراہم کی گئی، کیونکہ ریبیز ایک خطرناک بیماری ہے جو بغیر علاج جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ سگ یا دیگر جانور کے کاٹنے یا خراش لگنے کی صورت میں فوری طور پر متاثرہ حصے کو کم از کم 10 سے 15 منٹ نلکے کے پانی کے نیچے دھوئیں اور کسی بھی صابن کا استعمال کریں، اور فوری ویکسین لگوائیں تاکہ جان لیوا نتائج سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ والدین بچوں پر خاص توجہ دیں، بچوں کو آوارہ کتوں کے قریب جانے سے روکیں اور کسی بھی حملے کی صورت میں فوری ہسپتال پہنچائیں تاکہ ریبیز کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔