پنجاب اسمبلی میں کوڈ آف کریمنل پراسیجر ترمیمی بل 2025 پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت فوجداری قانون میں اہم ترامیم کی جا رہی ہیں۔
بل کا مقصد مجرموں کی بریت کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کے طریقہ کار کو آسان اور مؤثر بنانا ہے۔ترمیم کے مطابق پہلے اپیل دائر کرنے کی منظوری حکومت کے اختیار میں تھی، لیکن اب یہ اختیار سیکرٹری پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کیا جائے گا۔ اس سے قبل پبلک پراسیکیوٹر کو اپیل دائر کرنے کے لیے حکومت سے درخواست کرنا ضروری تھی، جبکہ ترمیم کے بعد وہ براہِ راست سیکرٹری پراسیکیوشن کو درخواست دے کر اپیل دائر کر سکیں گے۔
بل میں فوجداری فیصلوں پر نظرثانی کے عمل کو تیز کرنے، کاغذی کارروائی اور قانونی پیچیدگیوں کو کم کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں تاکہ جرائم کے کیسز میں اپیل کا عمل آسان ہو۔متعلقہ قائمہ کمیٹی دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے منظور کروا کر گورنر پنجاب کے ذریعے قانونی شکل دی جائے گی۔