وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت گڈز ٹرانسپوٹرز کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس اور کراچی کی دیگر تنظیموں کے عہدیداران کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس میں نمائندگان نے وزیر اعلیٰ، سینیئر صوبائی وزیر اور وزیر ٹرانسپورٹ کے اقدامات کو سراہا اور ٹرانسپوٹرز کو درپیش مسائل کو سنجیدگی سے لینے پر حکومت پنجاب کی تعریف کی۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس شہزاد اعوان نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل سے آگاہ کیا اور ایچ ٹی وی لائسنس کے حصول کو آسان اور بہتر بنانے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ متعدد شہروں میں سینٹرز اور دنوں کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ ایچ ٹی وی لائسنس کا عمل آسان بنایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر اور گاڑیوں کو بند کرنے کے تحفظات دور کیے جائیں گے اور تمام مسائل کے حل کے لیے مستقل اجلاس جاری رہیں گے۔
بلال اکبر خان نے مزید کہا کہ سندھ سے آئے ٹرانسپوٹر بھائیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، اور تمام ٹرانسپوٹرز کے مسائل کو باہمی تعاون سے حل کیا جائے گا۔ رولز میں ٹرانسپوٹرز کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترامیم کی جائیں گی اور چالان، لائسنس اور جرمانوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلاوجہ گاڑیوں کو بند کرنے یا جرمانے کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔