وزیراعظم نے مذاکرات کی بات کی لیکن اب تک بات چیت کا ماحول نہیں بن سکا
پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈر شپ کی کوئی خاص اہمیت نہیں ،یہ عمران خان کو نہیں جانتے ہیں
اسلام آباد(آئی این پی ) سابق وفاقی وزیرفواد چودھری نے کہا ہے مذاکرات کے لیے اسٹبلشمنٹ حکومت اور عمران خان کو ملک کا سیاسی ٹمپریچر نیچے لانا ہوگا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مذاکرات کے تین فریق ہیں، اسٹبلشمنٹ، حکومت اور بانی پی ٹی آئی عمران خان۔ مذاکرات کیلئے مثبت ماحول بنانے کی ذمہ داری تینوں پر ہے اور ملک کا سیاسی ٹمپریچر کیسے نیچے لانا ہے، یہ فیصلہ ان تینوں نے ہی کرنا ہے،کیونکہ ملک میں سیاسی گرما گرمی سے نقصان ہو رہا ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مذاکرات کی بات کی، لیکن اس نے اب تک بات چیت کا ماحول نہیں بنایا۔ مثبت ماحول کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ یہاں تو حالات یہ ہیں کہ خواجہ آصف پی ٹی آئی سے مذاکرات سے انکار ی ہیں جب کہ پی ٹی آئی موجودہ حکومت کو جعلی کہتے ہوئے کہتی ہے کہ ہم ان سے مذاکرات کیوں کریں۔ جب ایک دوسرے کی شکل ہی نہیں دیکھنی تو پھرمذاکرات کیا ہونے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈر شپ کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔ موجودہ پی ٹی آئی عمران خان کو نہیں جانتی اور نہ ہی وہ انہیں جانتے ہیں۔ تاہم ہمارے تحریک انصاف کی پرانی لیڈر شپ سے رابطے رہتے ہیں