خیبرپختونخوا میں آپریشن کی تیاری ہو رہی ہے‘ یہ بدمعاشی ہوگی: سہیل آفریدی

 ہم نے خیبرپختونخوا کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا، سب نے متفقہ طور پر کہا ملٹری آپریشن نہیں ہونا چاہیے‘آخری سانس تک مقابلہ کرینگے
بانی پی ٹی آئی کو اللہ نے سب دیا کسی چیز کی ضرورت نہیں ، بانی ہماری جنگ لڑ رہا ہے،جو ظلم و جبر اور فسطائیت ہو رہی دنیا دیکھ رہی ہے:تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے صوبے میں آپریشن کی تیاری ہو رہی ہے یہ بدمعاشی ہے، پاکستان جس نہج پر پہنچ گیا ہے آگے تباہی ہے۔اسلام آباد بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے کے پی کے کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا، سب نے متفقہ طور پر کہا ملٹری آپریشن نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم مزاحمت کر رہے ہیں اور آخری سانس تک مقابلہ کریں گے، جس طرح آج پی ٹی آئی ڈٹی ہے کوئی سیاسی جماعت نہیں ٹک سکے گی۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ایمان مزاری صاحبہ کا نام لیا کیونکہ مزاحمت کے دور میں بہنوں نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ہماری سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی بہنوں کی مزاحمت دیکھ کر حوصلہ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آج مجھ پر مشکل وقت ہے تو کل آپ پر بھی آنا ہے، آگ کل سب کے گھر کو لگے گی اگر آپ نے آواز اٹھائی اور ساتھ رہے تو آپ کا گھر بھی بچے گا، اگر آپ چپ رہیں گے تو کل آپ کی باری ہوگی۔سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اللہ نے سب دیا ہے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی ہماری جنگ لڑ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جو ظلم و جبر اور فسطائیت ہو رہا ہے وہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے