امریکا سمیت کسی ملک کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے دبائو کا سامنا نہیں‘ وفاقی وزیر صنعت
لاہور/مریدکے ( آئی این پی)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے کسی ایگزیکٹو آرڈر کی گنجائش نہیں ،مارشل لا ء دور میں ایگزیکٹو آرڈر کی گنجائش ہوتی ہے آج جمہوری دور ہے ،بانی پی ٹی آئی کے کیس عدالتوں میں ہیں وہیں سے جزا سزا کی توقع رکھیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر سید زاہد شاہ گیلانی اور چوہدری ارشد ورک کے ہمراہ سٹی پریس کلب مریدکے کے نومنتخب صدر رانا جعفر ،سیکرٹری جنرل بابر ہاشمی ،سینئر نائب صدر میاں ناصر ،چیئرمین ہارون شیخ اور دیگرز کی تقریب حلف برداری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت کسی ملک کی طرف سے ہمیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے نہیں کہا گیا ،پی ٹی آئی کی لابی غیر ملکی اراکین پارلیمنٹ کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے استعمال کررہے ہیں ،پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے اس پر کسی ملک کا دبائو نہیں اور نہ ہی ہم کسی کے دبائو کو لیں گے ۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی طرف سے تحریری مطالبات نہ دینے کی وجہ سے مذاکرات میں پیشرفت رکی ،ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کی نیت ٹھیک نہیں ،یہ کبھی اسٹیبلشمنٹ اور کبھی کسی سے بات کرنے کو کہتے ہیں،انہوںنے ہمیشہ پاکستان اور عوام مخالف سیاست کی ہے ۔