اڑان پاکستان پروگرام ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریگا،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، پراپیگنڈے سے ایسی جماعت کو مسلط کیا گیا جس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ یہاں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور مذموم پراپیگنڈا ففتھ جنریشن وار کا حصہ ہے۔ رانا مشہود نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے دن رات کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے اور تمام معاشی اشارے مثبت، سٹاک مارکیٹ نے نئے ریکارڈ قائم کیے۔رانا مشہود نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے کہا پاکستان کے خلاف قراردادیں منظور کرانے والے مقبوضہ کشمیر، غزہ پر کیوں خاموش ہیں۔