کوئٹہ(آئی این پی )تربت کے علاقے ڈھنگ میں بم دھماکے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرلی ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے سے ثابت ہوتا ہے دہشتگرد تنظیم مذموم مقاصد کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے، ایک جانب کالعدم بی ایل اے خود کو بلوچ عوام کے حقوق کاعلمبردار قرار دیتی ہے تو دوسری جانب کالعدم بی ایل اے ان معصوم بلوچوں کی جان کی بھی دشمن ہے۔حملہ کالعدم بی ایل اے کی منافقت کا کھلا ثبوت ہے اور ان کی تربیت معصوم لوگوں کی جان لینا ہے۔ گزشتہ سال 9 نومبر کو بھی خودکش حملے میں بی ایل اے نے 10بلوچ شہریوں کی جان لی تھی۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم بی ایل اے عوام دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے اور اپنے لوگوں کے خلاف بیرونی ایجنڈے پر ہے، کالعدم بی ایل اے بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے معصوم زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔