بلوچستان :لیویز فورس کے 34 اہلکار ملازمت سے برطرف

 دانستہ غیر حاضری اور مجاز اتھارٹی کے قانونی احکامات کی نافرمانی کے الزامات 
 کوئٹہ(خصوصی رپورٹ)ڈائریکٹوریٹ جنرل بلوچستان لیویز فورس کے ڈائریکٹر جنرل عبدالغفار مگسی نے 34 اہلکاروں کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا ہے برطرفی کا یہ فیصلہ دانستہ غیر حاضری، غیر پیشہ وارانہ رویہ اور مجاز اتھارٹی کے قانونی احکامات کی نافرمانی کے الزامات کی بنیاد پر کیا گیا۔ برطرف کیے گئے اہلکار پہلے لیویز فورس کے مختلف ونگز سے تعلق رکھتے تھے جو اب بلوچستان پولیس میں ضم ہو چکے ہیں اہلکار مختلف اضلاع میں تعینات تھیجن میں خضدار، زیارت، سوراب، شیرانی، نوشکی، چاغی، لسبیلہ، کچھی، قلات، واشک، خاران، پشین اور مستونگ شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا برطرف اہلکاروں کی تمام تنخواہیں اور الاؤنسز فوری طور پر بند کر دی جائیں اور متعلقہ محکمے فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ ڈی جی لیویز عبدالغفار مگسی نے کہا پولیس میں ضم ہونے والے سابقہ اہلکاروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی نئی تعیناتی میں مکمل ذمہ داری اور پیشہ وارانہ معیار برقرار رکھیں۔