بسنت کے موقع پر ریسکیو 1122 کا لاہور میں خصوصی ایمرجنسی پلان، 1200 سے زائد ریسکیورز ہائی الرٹ

بسنت کے موقع پر ریسکیو 1122 کا لاہور میں خصوصی ایمرجنسی پلان، 1200 سے زائد ریسکیورز ہائی الرٹ

بسنت فیسٹیول کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 نے لاہور میں خصوصی ایمرجنسی پلان مرتب کر لیا ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بسنت کے موقع پر شہر بھر میں ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں گی تاکہ شہریوں کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ ایمرجنسی پلان کے تحت لاہور میں 1200 سے زائد ریسکیورز تعینات کیے جائیں گے، جبکہ 56 ایمبولینسز، 24 فائر وہیکلز اور 300 ریسکیو موٹر بائیکس مختلف علاقوں میں متحرک ہوں گی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کے 23 ریسکیو اسٹیشنز کے علاوہ 180 اہم مقامات پر خصوصی “کی پوائنٹس” قائم کیے گئے ہیں، جہاں ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور ریسکیو موٹر بائیکس تعینات ہوں گی۔ تنگ گلیوں اور گنجان علاقوں میں فوری رسائی کے لیے ریسکیو موٹر بائیکس کو خصوصی طور پر کی پوائنٹس پر رکھا جائے گا۔

والڈ سٹی، مزنگ، اچھرہ، شاد باغ اور داتا دربار سمیت دیگر حساس علاقوں میں بھی خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بسنت فیسٹیول کے دوران ایمرجنسی اور میڈیکل کور کے ساتھ ساتھ معمول کے ریسکیو آپریشن بھی بلا تعطل جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔