شدید مالی مشکلات‘امریکہ میں ٹیکسی چلاکر بیوی‘بچوںکو پال رہا ہوں قاسم خان سوری

کبھی سوچا نہیں تھا  اس طرح کا کام کرنا پڑے گا، عمران خان کے نظریئے کا سپاہی ہوں ‘ ہمیشہ اسی سوچ کے ساتھ کھڑا رہوں گا
سی ڈی اے میں تعینات رہا‘وہاں سے بھی مال نہیں بنایا:سابق ڈپٹی سپیکر‘قاسم سوری نے حلال رزق کمانے کو  اہمیت دی : عارف علوی
واشنگٹن (آئی این پی ) سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی  اور پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما قاسم خان سوری نے دعوی کیا ہے  وہ ان دنوں امریکہ میں آن لائن ٹیکسی اوبر چلا کر اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پال رہے ہیں۔قاسم سوری نے ایک پوڈ کاسٹ میں  گفتگو  کرتے  ہوئے بتایا کہ پاکستان چھوڑنے کے بعد وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ انہیں اس طرح کا کام کرنا پڑے گا۔قاسم سوری کا کہنا تھا  وہ چوری کرنے کے بجائے محنت مزدوری اور ایمانداری کی زندگی کو ترجیح دیتے ہیں اسی لیے وہ امریکا کی سڑکوں پر ٹیکسی چلا رہے ہیں۔انہوں نے اپنی سیاسی وابستگی کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کے نظریے کے سپاہی ہیں اور ہمیشہ اسی سوچ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔قاسم سوری نے   ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے جیسے اہم ادارے میں ذمہ دار عہدے پر فائز رہے مگر انہوں نے کبھی وہاں سے ذاتی مال نہیں بنایا۔انہوں نے  بتایا کہ   2018 سے پہلے وہ کوئٹہ میں اپنے گھر پر عمران خان اور ڈاکٹر عارف علوی جیسی اہم شخصیات کی میزبانی کرتے رہے ہیں اور وہ ہمیشہ سے ایک متوسط طبقے کے ایماندار پاکستانی رہے ہیں۔دریں اثنا  سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قاسم سوری کی اس جدوجہد پر سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ان کی تعریف کی ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انہیں اپنے دوست قاسم سوری پر فخر ہے جو قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رہنے کے باوجود آج امریکا میں وقار اور خودداری کے ساتھ اوبر چلا رہے ہیں۔سابق صدر کے مطابق قاسم سوری نے عیش و آرام کے لیے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے حلال رزق کمانے کو چنا جو ان کی ہمت اور بلند کردار کی علامت ہے۔