پاکستانیوں کو امارات میں نوکریوں کے مواقع ختم؟

 پالیسی اعلیٰ ہنرمند پروفیشنلز کی ڈیمانڈ میں تبدیل ہوگئی ہے ،پاکستانی سفیرفیصل نیاز ترمذی  
  دبئی (خصوصی رپورٹ)متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں غیرہنرمند پاکستانیوں کو امارات میں نوکریوں کے مواقع ختم ہوجائیں گے کیوں کہ پالیسی اعلیٰ ہنرمند پروفیشنلز کی ڈیمانڈ میں تبدیل ہوگئی ہے۔ گلف نیوز کو انٹرویو میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ اب ہمیں اپنے اکائونٹنٹس، آئی ٹی پروفیشنلز، بینکرز، اے آئی ایکسپرٹس، فزیشنز، نرسز اور پائلٹس کو متحدہ عرب امارات میں مواقع تلاش کرنے کے لیے تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نشان دہی کی کہ متحدہ عرب امارات میں ہنرمند ورکرز کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور اگر پاکستانیوں نے اپنے ہنر میں بہتری لانے کے لیے توجہ مرکوز کی تو ان کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں۔پاکستانی  سفیر نے زور دیا کہ کم اجرت اور غیرہنرمند نوکریوں کو بڑی تنخواہوں اور ہنرمند نوکریوں میں تبدیل کرنے کے لیے کوششوں سے پاکستانیوں کو کمانے کے مواقع میسر ہوں گے۔فیصل نیاز ترمذی کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے شہریوں کو ان بلند مانگ کے شعبوں کے لیے تیار کرتے ہیں تو 20ہزار درہم سے شروع ہونے والی یا اس سے زیادہ تنخواہوں کے دائرے میں شامل ہوسکتے ہیں جبکہ ہمارے غیرہنرمند شہری ایک ہزار درہم یا اس سے زائد تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔سفیر کا کہنا تھا کہ فزیوتھراپسٹس اور نرسز کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہ اضافہ صرف متحدہ عرب امارات میں نہیں بل کہ دنیا بھر میں ہے، ہمیں پاکستان میں ورلڈ کلاس نرسنگ سہولیات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پائلٹ ٹریننگ سکولز کی تشکیل کے لیے بات چیت چل رہی ہے، جہاں نئے ایوی ایٹرز کے لیے قابل رسائی تربیت کی سہولت دستیاب ہوگی۔