لاہور(کرائم رپورٹر)سی آئی اے کے سب انسپکٹر سمیت دو افراد کی ہلاکت کا واقعہ ،انویسٹی گیشن لاہور پولیس نے انکوائری اور تفتیش کے لیے دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کے مطابق حراست میں لیے جانے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل امجد اور ارسلان شامل ہیں ،اہلکاروں کے مطابق وہ ریکارڈ یافتہ اشتہاری ارسلان کی گرفتاری کیلئے موٹر سائیکل پر گئے تھے۔ اشتہاری کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار اگیا۔پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق سی آئی اے کے سب انسپکٹر مراتب جٹ اور اس کے دوست کی موت فائرنگ سے نہیں حادثے کے دوران ہوئی ہے۔ تاہم ان کی گاڑی پر تین فائر بھی لگے ہیں ۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن شیخوپورہ رانا غلام عباس کے مطابق انویسٹی گیشن لاہور پولیس کے اہلکار جس اشتہاری کو گرفتار کرنا چاہتے تھے وہ اسی گاڑی میں موجود تھا،اشتہاری ارسلان بھی زخمی ہوا ہے اور وہ ہسپتال میں داخل ہے، دونوں پولیس اہلکاروں نے مخبر کی اطلاع پر ریکارڈ یافتہ ارسلان کو پکڑنے کی کوشش میں رات گئے سڑک پر ناکہ لگا رکھا تھا۔اس دوران گاڑی پر فائرنگ بھی ہوئی اور حادثہ بھی پیش آیا،فائرنگ لاہور سے آنے والے اہلکاروں نے کی ہے یا کسی اور نے اس پر تفتیش جاری ہے۔