دنیا کو کشمیری عوام کی قربانیوں کا احساس کرنا چاہیے: مشعال ملک

آر ایس ایس اور بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ،ہمارا آکسیجن شہیدوں کا خون ہے
شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا ،یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب،میڈیا سے گفتگو
 اسلام آباد(آئی این پی )حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ دنیا کو کشمیری عوام کی قربانیوں کا احساس کرنا چاہیے،بھارت کشمیریوں پرسات دہائیوں سے مظالم ڈھا رہا ہے،آر ایس ایس اور بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ،ہمارا آکسیجن شہیدوں کا خون ہے۔مشعال ملک نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایکسپریس چوک میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کی۔ ریلی میں سول سوسائٹی، طلبا اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔مشعال حسین ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری کشمیری قوم کو سلام پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے خلاف جاری نسل کشی کو شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ جو بھی دنیا میں کشمیر کی آواز بلند کرتا ہے، اسے ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور ان کی قربانیوں نے کشمیری عوام کے حوصلے مزید بلند کر دئیے ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے گھروں پر ناجائز قبضہ کر رہا ہے اور عالمی برادری کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی ناکامی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ آج تک بھارت کو کٹہرے میں کیوں نہ لا سکا؟۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں قید معصوم افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر بہادر ترین قوم ہے اور پوری دنیا کو انسانیت کے ناطے حق اور سچ کا ساتھ دینا چاہیے۔