بہاولپور(آئی این پی )بہاولپور چڑیا گھر میں موجود بنگال ٹائیگر "لاہوری"اپنی طبعی عمر پوری کرنے کے بعد مر گیا۔ ٹائیگر کی عمر 20سال تھی۔ سال 2010میں اس ٹائیگر کو لاہور سے بہاولپور چڑیا گھر منتقل کیا گیا تھا۔ بنگال ٹائیگر کی اوسط عمر 16سے 20سال ہوتی ہے اور بہاولپور چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس کی آخری عمر میں بہترین دیکھ بھال کی تھی۔ عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے ٹائیگر کو چلنے میں دشواری کا سامنا تھا اور اس کی پچھلی ٹانگیں کمزور ہو چکی تھیں۔ اس کے علاوہ، بڑھاپے کے باعث ٹائیگر کے دانت گر چکے تھے جس کی وجہ سے اسے قیمہ شدہ گوشت کھلایا جا رہا تھا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز بھی باقاعدگی سے اس کی صحت کا معائنہ کر رہے تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ٹائیگر کی موت کی وجہ بڑھاپا بتائی گئی ہے۔