پاکستان کا چین سے پولیس کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آلات لینے کا فیصلہ

وزیر داخلہ  محسن نقوی  کی   چینی ہم منصب سے ملاقات ،   انٹیلی  جنس شیئرنگ کو مزید بہتر بنانے پر بھی  اتفاق کیا  گیا
بیجنگ(آئی این پی )پاکستان اور چین نے انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے، بیجنگ پولیس اور اسلام آباد پولیس میں تعاون بڑھایا جائیگا، چین سے پولیس کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آلات خریدے جائیں گے۔ تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے  دورہ چین کے موقع پر چینی ہم منصب  کیو ینجن  سے ملاقات کی، جس میں انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید بہتر  کیے جانے پر اتفاق کیا گیا۔اس کے علاوہ پیرا ملٹری فورسز کے لیے بارڈرز کو محفوظ کرنے کیلئے تعاون سمیت پولیس اور  پیرا ملٹری فورسزکی جدید ٹیکنالوجی سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا چین سے پولیس کے لیے جدید ٹیکنالوجی و آلات لیں گے، ملاقات میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے ساتھ تعاون پر بات چیت ہوئی ہے اوربیجنگ پولیس اور اسلام آباد پولیس میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ملاقات میں وزیر داخلہ نے جنوری میں جوائنٹ ورکنگ گروپ کی میٹنگ پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔